
ذرائع کے مطابق چیئرمین این ایف سی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت قومی مالیاتی کمیشن کے 29 اگست کو شیڈول ابتدائی اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین این ایف سی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے، اجلاس میں شرکت کے لیے تمام این ایف سی ارکان کو دعوت دے دی گئی۔
قومی مالیاتی کمیشن کے ابتدائی اجلاس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق سفارشات پر غور ہوگا اور ذیلی گروپس قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ اجلاس میں مستقبل کے اجلاس کے حوالے سے شیڈول طے کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 160 (1) کے تحت 11واں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کی تشکیل کی تھی۔
وزارت خزانہ میں قائم این ایف سی سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 11ویں قومی مالیاتی کمیشن 9 ارکان پر مشتمل ہے، وفاقی وزیر خزانہ اس کے چیئرمین جب کہ چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ کمیشن کے ارکان میں شامل ہوں گے۔
اسی طرح پنجاب حکومت کے نمائندے سابق بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ، سندھ سے ماہر معاشیات ڈاکٹر اسد سید، خیبر پختونخوا سے ڈاکٹر مشرف رسول اور بلوچستان سے فرمان اللہ کو کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق سفارشات پر غور ہوگا، وفاق سمیت اجلاس میں چاروں صوبے مالیاتی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
0 تعليقات