سلامتی کونسل میں پاکستان نے لیبیا کے لیے خودمختار سیاسی حل کی حمایت دوہرا دی

سلامتی کونسل میں پاکستان نے لیبیا کے لیے خودمختار سیاسی حل کی حمایت دوہرا دی

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن برائے لیبیا پر بریفنگ دئ گئی
پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن برائے لیبیا پر بریفنگ کے دوران لیبیا کی خودمختاری، قومی وحدت اور شفاف سیاسی عمل کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستان کے نگران مستقل مندوب برائے اقوامِ متحدہ، سفیر عثمان اقبال جدون نے کہا کہ پاکستان لیبیا کی قیادت اور ملکیت پر مبنی سیاسی روڈ میپ…

انہوں نے اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ ہنّا ٹیٹے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ لیبیا میں امن، قومی مفاہمت اور سیاسی استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ برطانیہ کے تعمیری تعاون کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔

سفیر عثمان نے مشن کے مینڈیٹ کو مؤثر بنانے اور لیبیا میں سیاسی عمل کو لیبیا کی قیادت میں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کونسل کے سامنے پانچ کلیدی ترجیحات پیش کیں: سیاسی روڈ میپ کی مکمل حمایت، عبوری مرحلے کی تکمیل، ادارہ جاتی استحکام، شمولیتی انتخابات کا انعقاد، اور واضح ٹائم لائنز کا تعین، تاکہ عوام کی ملکیت اور شرکت یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے ہائی نیشنل الیکشن کمیشن کی جانب سے 34 بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی کوششوں کو سراہا اور امن و امان کی بحالی کے بعد جلدی انتخابات کے انعقاد پر زور دیا۔

طرابلس میں جنگ بندی کی مثبت پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مزید اعتماد سازی اور سلامتی کمیٹیوں کے مابین مربوط تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

معاشی پہلو پر بات کرتے ہوئے، قومی بجٹ کو یکجا کرنے اور منجمد اثاثوں کی شفاف نگرانی کو سراہا گیا تاکہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2769 کے مطابق مالی نظم و ضبط قائم رہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ عملدرآمد میں معاون رہنمائی نوٹس جاری کیا جائے تاکہ بین الاقوامی مالی اداروں کو درپیش قانونی پیچیدگیوں اور ابہامات کو دور کیا جا سکے۔

اپنے بیان کے اختتام پر سفیر عثمان جدون نے اقوامِ متحدہ کے ساتھ پاکستان کے مسلسل تعاون اور ایک مستحکم، خودمختار اور متحد لیبیا کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان لیبیا کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وحدت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے