کراچی میں طوفانی بارش، 13 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی میں طوفانی بارش، 13 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی میں اچانک موسم کی تبدیلی نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی
کراچی میں اچانک موسم کی تبدیلی نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی۔ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے شہر کے کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم کر دیا، بلدیہ مواچھ گوٹھ میں ایک عمارت کی دیوار گرنے سے 13 افراد افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے۔

شہر بھر میں درخت، بجلی کے کھمبے اور سائن بورڈ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک موسم کی شدت نے شہریوں کو پریشان کر دیا۔ گرومندر، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، گلشنِ اقبال، بہادرآباد، طارق روڈ اور شاہراہِ فیصل پر موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

تیز ہواؤں کے باعث شہر کے کئی حصوں میں درخت، سائن بورڈ اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔

بزنس ریکارڈر کے قریب ایک درخت گرنے جبکہ کھارادر میں عمارت کی چھت گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ لیاری میں بھی بجلی کے کھمبے اور تاریں زمین بوس ہو گئی ہیں۔

بلدیہ مواچھ گوٹھ میں ایک عمارت کی دیوار گرنے سے 11 افراد ہلاک ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، ریسکیو حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد نشے کے عادی تھے۔

قائد آباد کی مجید کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے ہیں، مچھر کالونی میں گھر کی چھت گرگئی ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ملیر ندی کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جان گنوابیٹھا، کلفٹن میں درخت گرنے سے پانچ افراد زخمی، قائد آباد میں زیرتعمیر مکان کی چھت گرگئی،تین افراد زخمی ہوگئے۔

شہر کے دیگر علاقوں جیسے سچل گوٹھ، صفورہ، یونیورسٹی روڈ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد اور سرجانی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہی۔

ڈیفنس، کلفٹن، کینٹ، ایئرپورٹ، ریلوے کالونی اور دہلی کالونی میں بھی شہریوں نے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا لطف اٹھایا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہواؤں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ماڑی پور میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مزید ایک گھنٹے تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہ سکتی ہے، جس کے بعد ہوا کی رفتار میں کمی آنے کا امکان ہے۔

بارش کے ساتھ ہی شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور کئی مقامات پر گاڑیوں کی رفتار سست پڑ گئی۔

شہری انتظامیہ نے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے