چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معیشت دوبارہ ٹھیک ہوسکتی ہے لیکن انسانی زندگی دوبارہ نہیں لوٹائی جا سکتی‘بنیادی ترجیح قوم کو کورونا سے محفوظ رکھنا ہے. انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے درپیش صورتحال پر بریفنگ لینے کے دوران کہی‘وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین پی پی کو بتایا کہ حکومت سندھ نے بیرون ملک سے آنے والوں کو ازخود تلاش کیا ہے.
انہوں نے بلاول بھٹو کو لاڑکانہ میں کورونا سے بچاﺅ سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سے لاڑکانہ میں کورونا ٹیسٹ لیبارٹری کام شروع کردے گی. سید مراد علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاڑکانہ میں ساڑھے 13 ہزار مستحقین کوراشن بیگ مہیا کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے تین ہزار313 خاندانوں میں فی خاندان 6ہزارروپے زکوٰاةفنڈ سے بھی دیے گئے ہیں.
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے جان ومال اورصحت کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہے انہوں نے کہا کہ وفاق پرلازم ہے کہ وہ صوبوں کوصحت سے متعلق فنڈز فراہم کرے. انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک صوبوں کو وفاق کی جانب سے کوئی اضافی رقم نہیں ملی ہے‘بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں مستحق افراد کو امداد ان کے گھرکی دہلیزپر پہنچانے کاعمل قابل تعریف ہے.
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ آپ سندھ کے تمام اضلاع کا دورہ کریں اور صورتحال کو خود دیکھیں‘کورونا وائرس متاثرین کی امداد کے لیے پی پی نے پورے ملک میں سستے تندور کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں پہلا تندور اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 میں لگایا گیا ہے جہاں سے روٹی نصف قیمت پر فراہم کی جا رہی ہے. گزشتہ روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ اس وقت بنیادی ترجیح قوم کو کورونا وائرس کی وبا سے محفوظ رکھنا ہے‘اعلیٰ سطحی اجلاس میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا.
چیئرمین پیپلزپارٹی کو پارٹی کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور پارلیمنٹ کے آئندہ ہونے والے اجلاس کی بابت بھی بتایا گیا‘سابق چیئرمین سینیٹ اور پارٹی کے مرکزی رہنما نیرحسین بخاری نے ان اقدامات سے بھی آگاہ کیا جو کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال میں عوامی ریلیف کی خاطر پارٹی کی جانب سے اٹھائے گئے ہیں.
0 تبصرے