فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیلئے ایک اور بڑا اعزاز، آذربائیجان کے اعلیٰ ترین پیٹریاٹک وار میڈل عطا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیلئے ایک اور بڑا اعزاز، آذربائیجان کے اعلیٰ ترین پیٹریاٹک وار میڈل عطا

آذربائجان کے فرسٹ ڈپٹی وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم والیئف جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو آذربائیجان کا اعلیٰ ترین “پیٹریاٹک وار میڈل” عطا کر رہے ہیں
آذربائجان کے فرسٹ ڈپٹی وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم والیئف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور پاک فوج کے سربراہ کو آذربائیجان کا اعلیٰ ترین “پیٹریاٹک وار میڈل” عطا کیا۔ جو فوجی تعاون کے شعبے میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور آذربائیجان و آرمینیا کے درمیان امن معاہدے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔

دورانِ ملاقات آذربائیجان کے وفد نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور “معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص” میں حاصل کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

بیان کے مطابق وفد نے پاکستان کے یومِ آزادی اور آذربائیجان کی فتح کی تقریبات کے موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور یومِ آزادی کی تقریب میں آذربائیجان کے دستے کی شمولیت پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر کرنل جنرل کریم والیئف نے صدر الہام علییف کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آذربائیجان کا اعلیٰ ترین “پیٹریاٹک وار میڈل” عطا کیا، جو فوجی تعاون کے شعبے میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کرنل جنرل کریم والیئف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کردار کو سراہا اور دفاع و سیکیورٹی کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

قبل ازیں، جی ایچ کیو پہنچنے پر کرنل جنرل کریم والیئف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول رکھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے