
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع کرم میں عمل میں آئی، جہاں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں مزید پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تھا۔
ان کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور گولہ بارود سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہوتا رہا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقوں میں ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت اور رفتار کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
0 تبصرے