وزیراعظم سے سری لنکن صدر کا ٹیلی فونک رابطہ، بھارت سے میچ کھیلنے کی درخواست

وزیراعظم سے سری لنکن صدر کا ٹیلی فونک رابطہ، بھارت سے میچ کھیلنے کی درخواست

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں سری لنکن صدر نے پاکستان سے بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی درخواست کی۔ وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشکل ادوار میں…

وزیراعظم آفس کے مطابق سری لنکن صدر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں منعقد ہونے والا پاک بھارت میچ کھیلنا چاہیے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور ماضی میں ایک دوسرے کی حمایت کا حوالہ دیا۔

وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشکل ادوار میں سری لنکا نے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور پاکستان میں کرکٹ سرگرمیاں جاری رکھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ عرصے میں بھی سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کر کے پاکستانی عوام اور کرکٹ شائقین کے لیے ایک قابلِ قدر اقدام کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کو یقین دہانی کرائی کہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سری لنکن صدر نے کہا کہ سری لنکا میں دہشت گردی کے مشکل دور میں پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور سپورٹ فراہم کی اور پاکستانی ٹیم نے سکیورٹی چیلنجز کے باوجود سری لنکا کے دورے جاری رکھے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ شیڈول کے مطابق کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا یہ میچ طے شدہ شیڈول کے مطابق کھیلیں گی۔

 

 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے